اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ اب وقت آگيا ہےکہ امریکی حکومت ان غلطیوں سے عبرت حاصل کرے جو اس نے شام اور عراق میں کیں اور اپنی آنکھیں کھول کر موجودہ حقائق کو دیکھے۔
وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ایران کے خطرات سے متعلق امریکی وزیر خارجہ کے بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ امریکی وزیر خارجہ دوسروں سے بہتر طور پر جانتے ہیں کہ سعودی عرب نے حالیہ ڈیڑھ برس کے دوران یمن میں جنگ بندی کی تمام کوششوں کو ناکام بنایا ہے۔
ایران کی جانب سے یمن کو اسلحہ بھیجے جانے پر مبنی جان کیری کے بیانات پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے تاکید کی کہ امریکی حکومت ان بیانات کی وجہ سے بچوں کی قاتل سعودی عرب کی حکومت کے جنگی جرائم اور یمن کے مظلوم اور بے گناہ عوام پر اس حکومت کی جانب سے روا رکھے جانے والے مظالم میں برابر کی شریک ہوگئي ہے۔ اور بلا شبہ اس ذمےداری کو قبول کرنے کے ساتھ اسے انسانیت مخالف تمام مظالم کے سلسلے میں جوابدہ ہونا ہوگا۔
وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے مزید کہا کہ جیسا کہ بارہا اعلان کیا گيا ہے اسلامی جمہوریہ ایران کی فوجی صلاحیت کبھی بھی کسی ملک کے لئے خطرہ نہیں ہے اور یہ صرف دفاعی پہلو کی حامل ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲